سندھ اسمبلی: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اپوزیشن لیڈر پر متفق

سندھ اسمبلی: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اپوزیشن لیڈر پر متفق

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما اور سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ سندھ اسمبلی میں مضبوط اپوزیشن لیڈر ثابت ہوں گے، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف مل کر پیپلزپارٹی کی حکومت کے خلاف اپوزیشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کا ہمارے پاس آنا سب کو اعتماد میں لینے کی ایک کڑی ہے، صوبہ سندھ میں مفاہمت کا عمل شروع ہوا ہے اور اب سندھ کے حکمرانوں کو کام کرنا ہو گا۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ حکمرانوں پر صرف تنقید نہیں ہو گی بلکہ بلکہ اُن کی اصلاح بھی کریں گے۔

اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں 30 ارکان ہوں گے اور ہم پیپلزپارٹی کو کرپشن سے دور رکھنے کے لیے مضبوط اپوزیشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن مظلوم عوام کے لیے ایک مضبوط آواز ہو گی، پیپلزپارٹی کو اتنا بڑا مینڈیٹ ملنے پر حیرت ہے۔

حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی مشاورت کے ساتھ سارے کام کرنا چاہتی ہے۔


متعلقہ خبریں