مسلح افواج تاجروں کے تعاون کے ساتھ کام کر رہی ہیں، نیول چیف

مسلح افواج تاجروں کے تعاون کے ساتھ کام کررہی ہے، نیول چیف|humnews.pk

کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج تاجروں کے تعاون کے ساتھ  کام کر رہی ہیں۔

نیول چیف نے کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوی میں نئی ترقی لانی ہے تو ہم سب کو مل کر آگے آنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان بہت بہتر ہے جبکہ آئندہ سالوں میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ماحول میں تبدیلی آ گئی ہے اور اسی لحاظ سے ہم ملک کے دفاع اوراندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد تاجر برادری کو پاکستان میں بلیو اکانومی کے ذریعے موجود امکانات سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم معیشت کے لیے بحری شعبے کی ترقی ناگزیر ہے اور پاکستان کے لیے بحری شعبے بالخصوص جہاز سازی کی صنعت میں ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے راستے تجارت زمینی راستےسے 45 اور ہوائی راستے سے 163 فیصد سستی ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستانی رقبے کا 40 فی صد سمندر ہے جس سے ہمیں فائدہ اٹھا نا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا  کرے گا۔

اس موقع پرصدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری طارق ملک نے کہا کہ ملک کی بحری سرحدوں اور سمندری راہداریوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کا کردار قابل تحسین ہے، ملک کے بحری شعبے کی ترقی کے لیے تاجر برادری بھرپور تعاون کرے گی۔


متعلقہ خبریں