سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال، عمران خان نیب میں پیش

سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال،نیب میں عمران خان کا بیان ریکارڈ |HUMNEWS.PK

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے متعلق اپنا بیان قومی احتساب بیورو(نیب) خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کرا دیا ہے۔

اس موقع پر صرف عمران خان کی گاڑی کو اندر جانے دیا گیا جبکہ ان کے مشیر خاص عون چوہدری کو باہر ہی روک دیا گیا۔

نیب  ذرائع کے مطابق عمران خان ایک گھنٹہ 10 منٹ نیب دفتر میں موجود رہے جبکہ نیب  ٹیم نے 30 منٹ تک عمران خان سے سوالات کیے۔

عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے کبھی حکومتی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا بلکہ وہ ہمیشہ صوبے کے سابق  وزیراعلی یعنی پرویز خٹک کے ہمراہ سفر کرتے رہے ہیں۔

ترجمان نیب کے مطابق ہیلی کاپٹرکیس میں پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم نے عمران خان سے ایک گھنٹہ تفتیش کی اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر 7 سوال کیے، انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ساتوں سوالات کے جواب دیے اور طلبی پر نیب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ترجمان نیب نے بتایا کہ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کیس سے متعلق دستاویزات نیب ٹیم  کے حوالے کیں۔

نیب نے عمران خان کا بیان ریکارڈ  کرنے کے بعد خصوصی سوالنامہ بھی ان کے حوالے کردیا جسے 15 دن کے اندر تحریری جوابات کے ساتھ  جمع کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ بیان دینے کے بعد عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں