جیتنے والی جماعت کے پاس عوامی حمایت نہیں، چانڈیو


حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت میں آ کر بھی سیاسی اور اخلاقی طاقت سے محروم ہوں گے، دھاندلی کی بنیاد پر ملنے والی اکثریت سے کبھی جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی۔

مولا بخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتخابات میں بظاہر جیتنے والی جماعت کے پاس عوامی حمایت ہے اور نہ ہی عوام کا اعتماد اور جس حکومت کے پاس عوامی حمایت نہ ہو وہ بلیک میل ہی ہوتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے جیتنے والے چاہے جتنے خوش ہوں لیکن یہ اپنے فیصلے خود نہیں کر پائیں گے، ایسی بے اختیار اور کٹھ پتلی حکومت جمہوریت کے مستقبل کیلئے اچھا شگون نہیں ہو گی۔

سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ خودمختار جمہوریت ہی طاقتور جمہوریت ہوتی ہے اور ہمارے ملک کو کنٹرولڈ جمہوریت نہیں خودمختار جمہوریت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس اندیشے کا اظہار بھی کیا کہ آنے والی حکومت کے اقدامات سے عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد کم ہو جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قومی احتساب بیورو (نیب)  پشاور میں پیشی پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتساب اور قانون کی حکمرانی کا نعرہ لگانے والے بھی آج لاؤ لشکر کے ساتھ نیب میں پیش ہوئےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے لاڈلے نے پروٹوکول کے ساتھ نیب میں پیش ہوکر قانون کی حکمرانی کا اپنا نمونہ پیش کر دیا ہے، انہوں نے کہ کہ ابھی اقتدار ملا نہیں اور یوٹرن شروع ہو چکے ہیں، جتنے بھی دعوے اور وعدے کیے وہ حلف لینے سے پہلے ہی ہوا ہوتے نظر آ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں