چین میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

چین میں پھنسے پاکستانیوں کا طیارہ وطن پہنچ گیاؔ|humnews.pk

لاہور: چین میں پھنسے پاکستانیوں کا طیارہ لاہور پہنچ  گیا ہے، واپس آنے  والے 214  مسافروں میں 29  بچے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہین ائیر لائنز کی پرواز این ایل 891  چین میں پھنسے 214 مسافروں  کو لے کر لاہورائیرپورٹ  پر اتری جس میں 29 بچوں سمیت 214  افراد شامل تھے۔

یہ مسافر شاہین ایئر لائنز کے طیارے کی عدم  دستیابی کے باعث  29 جولائی سے چینی  صوبے گوانگ ژو کے ایئرپورٹ میں پھنسے ہوئے تھے۔

سول ایوی ایشن کی نادہندہ ہونے کی وجہ سے پابندی کا شکار شاہین ایئر لائنز کو پاکستانیوں کی جلد واپسی  کے لیے خصوصی اجازت دی گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے شاہین ایئر لائنز کے جہاز میں فنی خرابی کے باعث پرواز اپنے مقررہ وقت پر روانہ نہیں ہو سکی تھی جس کے باعث مسافر چین میں پھنس گئے تھے تاہم  پیر کے روز شاہین ایئر لائنز کی خصوصی پرواز مسافروں کو  لے کر واپس وطن پہنچ  گئی۔

شاہین ایئرلا ئنز کا اندرون ملک فلائٹ آپریشن سول ایوی ایشن کی نادہندہ ہونے کی وجہ سے دو ماہ  سے معطل ہے۔


متعلقہ خبریں