عبدالعلیم خان انتخابی اخراجات میں سب سے آگے

فنڈز منجمد

لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے اپنی انتخابی مہم پر 39 لاکھ  84 ہزار 500  روپے سے زائد کے اخراجات کیے جو کسی بھی امیدوار کی جانب سے خرچ کی جانے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔

انتخابی اخراجات کے حوالے سے قومی اسمبلی کے حلقہ  این اے 109 سے پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا 35 لاکھ روپے خرچ کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

ذرائع  کے مطابق اب تک الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق  عبدالعلیم خان انتخابی اخراجات کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 105 سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ایک اور نو منتخب رکن قومی اسمبلی رضا نصر اللہ  گھمن نے بھی اپنے اخراجات کے گوشوارے جمع کرائے ہیں جن کے مطابق انہوں نے اپنی انتخابی مہم پر 31  لاکھ  سے زائد رقم خرچ کی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 97  سے آزاد امیدوار اجمل چیمہ نے جمع کرائے جانے والے گوشوارے کے مطابق اپنی انتخابی مہم پر 9 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی قانون 2017 کی شق 98 کے سب سیکشن 3  کے تحت نتائج  کے اعلان کے 10 دن کے اندر انتخابی اخراجات جمع کرانا لازمی ہیں۔

اب تک قومی اسمبلی کی متعدد نشستوں پرانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق لاہور میں انتخابی مہم کے دوران سب سے زیادہ رقم تحریک انصاف کے امیدوار عبدالعلیم خان نے خرچ کی، انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 میں اپنی انتخابی مہم پر 39 لاکھ  84 ہزار 500 روپے خرچ  کیے۔

مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف نے حلقہ این اے 132 میں اپنی انتخابی مہم پر19 لاکھ  34  ہزار447 روپے خرچ کیے جبکہ ان  کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے حلقہ این اے 124 سے اپنی مہم پر 18 لاکھ 50 ہزار 625  روپے خرچ  کیے۔


متعلقہ خبریں