یمن: اتحادی طیاروں کی بمباری، 55 افراد جاں بحق

یمن: اتحادی طیاروں کی بمباری، 55 افراد ہلاک |humnews.pk

صنعا: یمن میں اتحادی طیاروں کی  بمباری سے 55 افراد جاں بحق جبکہ 124 زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حوثی باغیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اتحادی طیاروں نے یمنی ساحلی شہرالحدیدہ کو نشانہ بنایا جس کے باعث 55  افراد جاں بحق اور 124 زخمی ہوئے، ہلاک شدگان اور زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

حوثی باغیوں کے مطابق طیاروں  نے شہر کے اسپتال اور مصروف مچھلی مارکیٹ کو نشانہ بنایا، انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے صنعا منتقل کیا جا رہا ہے۔

الحدیدہ میں ماہی گیروں کی یونین کے سربراہ محمد الحسنی نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں کوئی عسکری ٹارگٹ موجود نہیں تھا پھر بھی اس علاقے میں ماہی گیروں کو نشانہ بنانا حیران کن اورغیرمتوقع  ہے۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ  کے مطابق متاثرہ مارکیٹ بمباری کا نشانہ بننے والے اسپتال سے صرف 20 میٹرز کے فاصلے پر واقع  ہے۔

اب تک اتحادیوں کی جانب سے اس حملے پر کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔

یمن میں عالمی سطح پر قبول کی جانے والی صدر ابو ربو منصور ہادی کی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک دس ہزار یمنی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد بچے بھوک اور غذائی قلت کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی جانب سے جنگ زدہ یمن میں جنگ بندی اور امن معاہدے کی کوششیں جاری ہیں لیکن ابھی تک کوئی ایسا معاہدہ نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب امریکا، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر مشتمل فوجی اتحاد 2015 سے منصور ہادی کی حکومت بحال کرانے کے لیے یمن پر مسلسل فضائی حملے کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں