ایم کیو ایم، پی ٹی آئی مذاکرات حتمی مراحل میں داخل

پی ٹی آئی کا وفد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا

کراچی: حکومت سازی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی اورڈاکٹرفاروق ستارجمعہ کو بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کریں گے جس میں کراچی کے چند مخصوص حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کراچی کی بلدیاتی حکومت کے لیے مالی اور انتظامی اختیارات مانگے گی جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین سے کراچی کے لیے خصوصی گرانٹ پر بھی بات کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کا تحریک انصاف کی مشروط حمایت کا فیصلہ

عام انتخابات میں ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی کی چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، پاکستان تحریک انصاف کو وفاق میں حکومت بنانے کے لیے آزاد امیدواروں کے علاوہ ایم کیو ایم کی حمایت کی ضرورت ہے۔

31 جولائی کو پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر خان ترین نے کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان رابطے بڑھے۔


متعلقہ خبریں