پیپلز پارٹی کا آر ٹی ایس کی ناکامی پر اظہار تشویش


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آرٹی ایس)  کی ناکامی کے تنازعے  پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے دعوؤں کو جھٹلا دیا ہے۔

بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ملک بھر سے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات موصول ہوئی ہیں، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 8  دن بعد بلاول  بھٹو کے لیاری حلقے کے  فارم 45 مہیا  کیے، لاڑکانہ  کے فارم  45  تین دن بعد ملے ہیں جبکہ مالاکنڈ  سے ابھی تک یہ فارم موصول نہیں ہوئے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی الیکشن کمیشن کے خلاف ایسی ہی شکایات موصول ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف سیاسی جماعتوں کی شکایات کا ازالہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت اور جمہوری عمل کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جائے گا تو ہم ہاتھ پر ہاتھ  دھرے بیـٹھیں گے۔


متعلقہ خبریں