راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر بارلی بے سادی قوف نے جنرل ہیڈ کوراٹرز میں ملا قات کی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ، انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی فیس بک پوسٹ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔
اپریل 2018 میں اپنا منصب سنبھالنے کے بعد بارلی بے سادی قوف کی آرمی چیف سے یہ پہلی ملاقات تھی۔
مبصرین اس ملاقات کو خطے میں امن و استحکام کے لیے بے حد اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس سے قبل رواں برس فروری میں کابل میں منعقدہ چیفس آف ڈیفنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا تھا کہ خطے ملکوں کی انفرادی نہیں بلکہ مشترکہ کاوشوں سے ترقی یافتہ بنتے ہیں۔
کانفرنس میں افغانستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے آرمی چیف بھی شریک تھے۔
پاکستان گزشتہ سال شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا باضابطہ طور پر مکمل رکن بنا ہے، اس تنظیم میں چین اور روس کے علاوہ ازبکستان، تاجکستان قازقستان اور کرغزستان بھی شامل ہیں۔