اسلام آباد: نو منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو آئین پاکستان کی کاپیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام نو منتخب ارکان اسمبلی کو آیئن پاکستان کے ساتھ ساتھ اسمبلی رولز کی کاپیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
ارکان اسمبلی کو آئینی رہنمائی کے لیے آئین کی کتابیں فراہم کی جائیں گی، اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی نے بھی 500 کاپیوں کے لیے قومی اسمبلی کو درخواست بھیج دی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس اقدام کا مقصد جمہوری اقدار کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ ہر حکومت میں ارکان اسمبلی آئین پاکستان کی شقوں سے مکمل آگاہ نہیں ہوتے اور اسی وجہ سے درست قانون سازی میں بہت سے مسائل کا سامنا بھی رہتا ہے۔
اسی طرح ارکان اسمبلی قواعد و ضوابط کے بارے میں جانتے ہوئے بھی ان کی پاسداری نہیں کرتے اور یہی وجہ ہے کہ اکثر اسمبلی کا کورم بھی پورا نہیں ہو پاتا جبکہ بعض ارکان بھری اسمبلی میں نازیبا زبان کے استعمال سے بھی دریغ نہیں کرتے لیکن اسمبلی رولز کی کاپیوں کی فراہمی کے بعد صورتحال قدرے بہتر ہونے کی توقع ہے۔