گیلانی سمیت اہم سیاستدانوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی منظوری


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے  سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت متعدد اہم سیاسی شخصیات کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اہم اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے اشتہاری مہم کا غیرقانونی ٹھیکہ دیا جس کے باعث قومی خزانے کو 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔

نیب کے مطابق سندھ کے سابق وزیر اویس مظفر ٹپی سمیت دیگرافراد پر ملیر میں سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کرنے کا الزام ہے، ان تمام افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں سابق ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور کاکا کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی، ان پرسرکاری کاغذات میں ہیرپھیر کرنے کا الزام ہے، اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس ہیرا پھیری کے باعث قومی خزانے کو تین ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم بھی ان شخصیات میں شامل ہیں جن کے خلاف تحقیقات شروع کر نے کی منظوری دی گئی ہے، ان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔

اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو پاکستان اور اس کے عوام کے لیے کام کرتا ہے اس لیے ملک کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ’احتساب سب کے لیے‘  کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔


متعلقہ خبریں