نون لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، متعدد ارکان غیر حاضر

شہباز شریف نے کارکنان کو ایئرپورٹ آنے سے روک دیا: نوافل اور دعاؤں کی درخواست

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ نون پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کئی اراکین اسمبلی شریک نہیں ہوئے۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جب کہ شہباز شریف نے نو منتخب ارکان اسمبلی پنجاب سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فارورڈ بلاک کے سدباب کے لیے طلب کیا گیا تھا تاہم تمام نو منتخب ارکان اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق  پارٹی کے 129 کامیاب ارکان میں سے 106 ارکان اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں شریک نہ ہونے والوں میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق بھی شامل ہیں۔

پنجاب کے سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ  130  میں سے 121 نو منتخب ارکان  نے اجلاس میں شرکت کی، ان کا کہنا تھا کہ کچھ ارکان ذاتی  یا سیاسی مصروفیات کی وجہ سے نہیں آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پنجاب کی حکومت سازی سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئے جبکہ شہباز شریف نے ارکان اسمبلی کو مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پارٹی پالیسی پر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ ہم  نے گزشتہ دس سال پنجاب میں دل لگا کر عوام کی خدمت کی اور ہمارا مقصد حکومت نہیں عوام کی خدمت کرنا ہی ہے، اگر دوبارہ موقع ملا تو عوام کی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ آزاد امیدوار ہم سے رابطے میں ہیں اور ہم پنجاب میں حکومت ضرور بنائیں گے جب کہ وفاق کی سطح پر حکمت عملی پارلیمنٹ میں بیٹھ کر بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی بی ٹیم بننے کا ثبوت دیا، کوئی یہ نہ سمجھے کہ کھیل صرف صوبائی حکومت تک ہی محدود ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما یاسین سوہل نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کچھ ارکان اپنی ذاتی مصروفیت کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے۔


متعلقہ خبریں