نواز شریف دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کو سخت سکیورٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)  سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا  گیا ہے۔

جیل منتقل کرنے سے قبل پمز اسپتال میں میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کا تفصیلی معائنہ کیا جس کے دوران ان کا بلڈ پریشر، شوگر، نبض اور دل کی دھڑکن نوٹ کی گئی، اس کے علاوہ ان کے دائیں پاؤں کی ایڑی میں سوجن کا معائنہ بھی کیا گیا۔

میڈیکل بورڈ کی ہدایت پر ان کا ایکو کارڈیو گرام اور الٹرا ساؤنڈ  ٹیسٹ بھی کیا گیا، تمام رپورٹس تسلی بخش آنے کے بعد انہیں کارڈیک سینٹر کے عقبی راستے سے جیل روانہ کر دیا گیا،  ڈاکٹرز نے انہیں کمرے میں چہل قدمی کی ہدایت کی ہے۔

اتوار کو نواز شریف کے بازو اور سینے میں تکلیف کے باعث ان کی طبیعت ناساز ہو گئی تھی، انہیں  پمز منتقل کرنے کی تیاریاں کی گئیں تاہم انہوں نے اپنے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے مشورے کے بغیر اسپتال جانے سے انکار کر دیا تھا، بعد ازاں ڈاکٹر عدنان نے معائنہ کرنے کے بعد انہیں اسپتال منتقل ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف پمز اسپتال منتقل

احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں 13 جولائی کو لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا، دونوں لندن سے براستہ ابوظہبی پاکستان پہنچے تھے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جیل میں بی کلاس دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں