ایم ایم اے مکمل طور پر متحد ہے، فضل الرحمان


اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام  ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے مکمل طور پر متحد ہے، ایم ایم اے میں اختلافات کی جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ اپنی موت آپ مرجائیں گی، ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی ایف کا کہنا تھا کہ تمام امور رہنماؤں کے اتفاق رائے سے طے ہو چکے ہیں، عوام میں مذہبی جماعتیں مقبولیت کی حامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام نے ایم ایم اے اور دیگر مذہبی جماعتوں کو انتخابات میں 50 لاکھ  سے زائد ووٹ دیے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا نے پاکستان میں انتہا پسند جماعتوں کو شکست ہونے کی بات کی  ہے، ادارے اس حوالے سے اپنے کردار اور بیان  کو واضح  کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن (ای سی پی) اصرار کر رہا ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں جبکہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کی شفافیت پر انگلی اٹھا رہی ہیں، ای سی پی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو قانون کی غلط تشریح سے روکے۔

انہوں نے کہا  کہ ای سی پی ناکام ہو چکا ہے، نئے انتخابات کا طریقہ کار بھی وہ خود تلاش کرے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دھاندلی کے نتیجے میں ایک بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، اس وقت تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ بھی پی ٹی آئی ہی کر رہی ہے.

انہوں نے ایم ایم اے کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں احتجاج  جاری رکھیں، بعد میں ایک بڑے احتجاج کی کال دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں