اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے استعفی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے تفصیلی ردعمل سے عوام کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔
اپنے اعلامیے میں ای سی پی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن استعفی کے بے بنیاد مطالبے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسے مسترد کرتا ہے۔
عام انتخابات کے بعد کئی سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے استعفی کا مطالبہ کیا تھا۔
اتوار کو پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان فرحت اللہ بابر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکا اس لیے چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ہفتہ کے روز چیف الیکشن کمشنر کے استعفی کا مطالبہ کیا تھا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے حلقے کے فارم 45 نہیں ملے اور یہ کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا فارم 45 کے متعلق بیان قابل قبول نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ الیکشن کمشنر کے سامنے اپنے تحفظات رکھنا چاہتے تھے لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ وہ الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے تو چیف الیکشن کمشنر گھر چلے گئے تھے۔
انہوں نے اس بات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر انہیں ملاقات کے لیے وقت نہیں دے رہے۔