انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، رہنما مسلم لیگ نون

انتخابات 2018 میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، ن لیگ|HUMNEWS.PK

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف، احسن اقبال اور مشاہد حسین کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اناڑی لوگوں کی ٹیم ملک کو برباد کر دے گی۔ میڈیا سنسرشپ تشویش ناک ہے، آزادی صحافت کی بحالی ممکن بنائی جائے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کی طبعیت ناساز ہے، جن حالات میں انہیں جیل میں رکھا گیا ہے اس کی وجہ سے ان کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکن نوازشریف کی صحت کے لئے پریشان ہیں اور اس حوالے سے ان میں بہت تشویش پائی جاتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے ساتھیوں اور کارکنوں پر درج دہشت گردی اور دیگر مقدمات واپس لیے جائیں اور انتخابات کے دن کی شکایات کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن تھا۔

نون لیگی رہنما مشاہد حسین نے کہا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کسی صورت میں قبول  نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں