رانا ثناءاللہ، معاویہ اعظم کی حمایت حاصل کرنے جھنگ پہنچ گئے


جھنگ: مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناءاللہ حلقہ پی پی 126 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار معاویہ اعظم طارق کی حمایت حاصل کرنے کے لیے جھنگ پہنچے اور ان سے تفصیلی ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقاقت میں مولانا احمد لدھیانوی بھی شامل تھے۔ پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں معاویہ اعظم نے فوری جواب دینے کے بجائے فیصلہ کرنے کے لیے وقت مانگ لیا۔

اس وقت پنجاب اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نون کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ صوبائی اسمبلی کے لیے 29 آزاد امیدواروں نے انتخابات میں فتح حاصل کی ہے اور پنجاب کی وزارت اعلی کے لیے دونوں جماعتوں کے لیے مرکزی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

مولانا معاویہ اعظم طارق نے پی پی 126 جھنگ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیا اور 65 ہزار 252 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ معاویہ اعظم کالعدم سپاہ صحابہ کے رہنما مولانا اعظم طارق مرحوم کے صاحبزادے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر چوہدری سرور نے بھی معاویہ اعظم سے ملاقات کی اور ان سے تحریک انصاف کی حمایت کے لیے درخواست کی۔ گذشتہ روز میڈیا میں یہ اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ معاویہ اعظم نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

معاویہ اعظم سے منسوب ایک سوشل میڈیا پیج پر یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ پنجاب ، فیصل آباد، سیالکوٹ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورگوجرانوالہ کے تقریباً 10 سے زائد ممبران صوبائی اسمبلی نے مولانا معاویہ اعظم طارق کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

 


متعلقہ خبریں