تخت لاہو ر پر حکمرانی: عمران خان اور پرویزالٰہی سرجوڑیں گے

حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رابطے| urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ(ق) کے رہنما چودھری پرویز الہٰی کے درمیان جلد ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پاس اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ق لیگ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ حکومت سازی کے متعلق دونوں جماعتوں کے درمیان ابتدائی رابطوں کے بعد طے کیا گیا ہے قائدین ا س ضمن میں سرجوڑ کر بیٹھیں گے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق اورپنجاب میں ق لیگ کو اہم اورمؤثر نمائندگی دینے کو تیار ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ غالب امکان ہے کہ حکومت کی تشکیل یقینی بنانے کے لیے ق لیگ کو مرکز میں ایک وفاقی وزارت اورایک وزیر مملکت کا منصب دے دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت میں بھی سابق حکمراں جماعت ق لیگ کو ایک وزارت اور ایک مشاورت مل سکتی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تصدیق شدہ اور حتمی نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی 129 سیٹیں ہیں جب کہ  پی ٹی آئی کی 123 اور پاکستان پیپلزپارٹی کی چھ نشستیں ہیں۔

پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ق) سات، بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) ایک، پاکستان عوامی راج پارٹی ایک نشستوں کے ساتھ براجمان ہیں۔

صوبہ پنجاب میں حکومت سازی کی تشکیل میں سب سے زیادہ اہمیت ختیارکر جانے والے آزاد منتخب اراکین اسمبلی کی تعداد 28 ہے۔

پنجاب کی تاریخ میں حامد ناصر چٹھہ کی جماعت نے بے نظیر بھٹو کی پاکستان پیپلزپارٹی سے سیاسی اتحاد کرکے انتہائی کم نشستوں کے باوجود وزارت اعلیٰ پنجاب کا منصب اپنے پاس رکھا تھا۔

عام انتخابات سے قبل پی پی پی کو داغ مفارقت دے کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرنے والے میں منظور احمد وٹو بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب پر اس وقت فائز ہوئے تھے جب اراکین اسمبلی نے راتوں رات وفاداریاں تبدیل کرکے ان کی حمایت کا اعلان کردیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں