گورنر سندھ محمد زبیر کا استعفی دینے کا اعلان

جدوجہد کا آغاز ہو چکا اب یہ حکومت جلد گرے گی، محمد زبیر

فوٹو: فائل


کراچی: گورنرسندھ محمد زبیر عمر نے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اتوار کو صدرمملکت ممنون حسین کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیں گے۔

سوشل رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے انہوں نے کہا ہے کہ اللہ نے مجھے وہ سب کچھ دیا ہے جسے حاصل کرنے کی کوئی بھی تمنا کر سکتا ہے۔ ایک عام پس منظر سے تعلق رکھنے کے باوجود میں نے مکمل محنت کے ذریعے کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے گورنر مقرر کیا تھا، اب چونکہ ن لیگ انتخابات ہار گئی ہے اس لیے نئی حکومت کو اپنا گورنر مقرر کرنے کا حق حاصل ہے۔

اپنے سیاسی سفر کی روئیداد بیان کرتے ہوئے انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ میں نے 2012 میں سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین، وزیر برائے نجکاری اور آخر کار گورنر سندھ مقرر ہوا۔ مجھے فخر ہے کہ  اپنے فرائض کی ادائیگی میں میں کارکردگی، کردار کی مضبوطی اور لگن کے اعلی معیار چھوڑے جا رہا ہوں۔

محمد زبیر عمر نے مزید کہا کہ کراچی کو امن لوٹانا ہمارا قابل فخر کارنامہ ہے، اس کے علاوہ ہم نے ایک دہائی کے بعد یہاں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا اور پاکستان سپر لیگ کا فائنل بھی پاکستان میں منعقد کرایا۔ اب کراچی میں ایک بار پھر سے معاشی، ثقافتی، کھیلوں کی اور سماجی سرگرمیاں پھل پھول رہی ہیں، یہ ایک ایسا کام ہے جس کا پانچ برس پہلے کوئی گمان بھی نہیں کر سکتا تھا۔اگرچہ یہ کام آسان نہیں تھا لیکن ہم نے کر دکھایا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد وفاق میں اپنی حکومت بنانے کی تیاریاں کر رہی ہے، اس دوران امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے کی گئی تعیناتیوں پر تبدیلی کی جائے گی۔

محمد زبیر عمر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نئی حکومت کے متوقع وزیرخزانہ اسد عمر کے بھائی ہیں۔ انہوں نے گذشتہ برس فروری میں سندھ کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

1984 میں کراچی کے معروف تعلیمی ادارے آئی بی اے سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز كی ڈگری حاصل كرنے والے محمد زبیر امریكی كمپنی آئی بی ایم سے وابستہ رہے ہیں۔

دھیما لہجہ اور مستقل مزاج شخصیت رکھنے والے محمد زبیر گورنر مقرر ہونے سے قبل پاکستان مسلم لیگ نون کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔

ڈاکٹر عشرت العباد کی سبکدوشی کے بعد ن لیگ کی قیادت نے 11 نومبر 2016 کو ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی کو گورنر بنایا تاہم وہ دو ماہ بعد انتقال کر گئے تھے جس کے بعد محمد زبیر عمر کو گورنر کی حیثیت سے سندھ کے معاملات تفویض کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں