عمران خان نے دھاندلی کی تحقیقات کی پیشکش کر دی

عمران خان کا قوم سے خطاب | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن 2018 کے نتائج سامنے آنے کے بعد ٹیلی ویژن پر قوم سے پہلے خطاب میں اپنی حکومت کی ترجیحات کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو انتخابات میں دھاندلی کی شکایت ہے تو اسے پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، حلقہ جات کی نشاندہی کی جائے ہم ان کا جائزہ لینے کو تیا رہیں۔

تحریک انصاف سربراہ کا کہنا تھا کہ اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے، ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سمندرپار پاکستانیوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے فروغ پر بات کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہوں گا اس عمارت کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کریں گے۔

خارجہ پالیسی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ، افغانستان میں امن، سعودی عرب و ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کے ذریعے مشرق وسطی میں مصالحتی کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات برقرار رکھیں گے، حالات بہتر کرنے کے لیے بھارت ایک قدم آگے بڑھا تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے۔

اپنی تقریر میں عمران خان نے تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا خصوصی ذکر کیا۔

عمران خان کی تقریر میں سول عسکری تعلقات کے متعلق رہنما اصول بھی واضح کیے گئے۔

ملکی سمت کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔


متعلقہ خبریں