نواز شریف کو سبق سکھانےکا واحد مقصد پورا ہو گیا، شیخ رشید  


راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید  احمد کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ  مل کر اگلی حکومت بنائے گی۔

وہ راولپنڈی سے  قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کے بعد کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ  پنجاب شہباز شریف اور سابق  وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان کے لیے اڈیالہ جیل کی دیواروں  پر ایک گانا درج ہے ‘آجا مورے بالما تیرا انتظار ہے’۔

انہوں نے کہا کہ بدترین شکست کے بعد  شہباز شریف نتائج ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔

چیئرمین عوامی مسلم لیگ  نے کہا کہ جب وہ عمران خان کے ساتھ  مل کر حکومت بنانے کی بات کرتے تھے تو لوگ ان کا مذاق اڑاتے تھے، اب وہی لوگ اس بات کو سچ ہوتا دیکھ  کر دھاندلی کے نعرے بلند کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو سبق سکھانا ان کی زندگی کا واحد مقصد تھا، آج وہ مقصد پورا ہوا۔

انہوں نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ این اے 60 میں انتخابات کے التوا  کے حوالے سے ان کے خلاف فیصلہ دینے پر وہ مایوس نہیں، اللہ نے صبر کا پھل عطا کر دیا ہے۔

شیخ  رشید نے تمام مسالک کے علما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی تمام مکاتب فکر کی جیت ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 میں اپنے حریف حنیف عباسی  پر تنقید کرتے انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی عدالت سے سزا یافتہ منشیات فروش ہیں، انہوں نے کوئی کام ملک و قوم کے لیے نہیں کیا۔

آئندہ کا لائحہ عمل بیان کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عمران خان کے ساتھ مل کر اس بوسیدہ  نظام کو نیست و نا بود کر دیں گے، معیشت کو مستحکم کریں گے، ڈالر سستا کریں گے اور آزاد خارجہ پالیسی بنائیں گے۔

شیخ  رشید نے کہا کہ اگلے دورِ حکومت میں بجلی، تیل، گیس اور آٹا سستا ہوگا، ان کی جماعت اور تحریک انصاف غریبوں کا پاکستان بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں