مینڈیٹ کی چوری سے بڑی تباہی آئے گی، مریم اورنگ زیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیراطلاعات مریم  اورنگ زیب نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوری کیا گیا تو بڑی تباہی آئے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ بہت سے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ نون کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ہمیں فارم 45 نہیں دیے جا رہے، نتائج  روکے جا رہے ہیں اور پولنگ اسٹیشنز سے ہمارے  پولنگ ایجنٹس کو بھی باہر نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نتائج  میں بند کمروں میں تبدیلی کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والی دھاندلی کا الیکشن کمیشن کو جواب دینا پڑے گا کیوں کہ فارم 45 میں جان بوجھ  کر تبدیلی کی جا رہی ہے لیکن الیکشن کمیشن ہمارے الزامات پر دھیان نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میرے الزامات مسترد کر دیے لیکن ہم تمام ثبوت پیش کریں گے کیوں کہ ہمارے امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے جبکہ پولنگ کے دوران ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں نتائج  روک لیے گئے ہیں جب کہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بھی فارم  45 روک لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز ملک، ایاز صادق اور ایاز مزاری کے فارم 45  روک لیے گئے ہیں جب کہ رانا ثنا اللہ کے کئی پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس زیادتی کی امید نہیں تھی لیکن جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ انتہائی افسوس ناک ہے اور حد تو یہ ہے کہ ہماری پریس کانفرنس کو بھی نہیں دکھایا جا رہا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نون لیگ کے ورکرز کے ردعمل سے پہلے الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت حالات کا جائزہ لیتے ہوئے نوٹس لے کیوں کہ ہم  فارم  45  کے بغیر الیکشن کے نتائج قبول نہیں کریں گے، آخر اس وقت  افواج پاکستان، پولیس اور الیکشن کمیشن کے ارکان کیا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مینڈیٹ چوری کیا گیا تو بڑی تباہی آئے گی کیوں کہ ٹوبہ ٹیگ سنگھ میں بھی دھاندلی کی جا رہی ہے اور لیڈ سے جیتنے والے خرم دستگیر کے حلقے کا رزلٹ روک لیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ ہمیں فارم 45 کی مصدقہ کاپیاں نہیں دی جا رہیں اس لیے ہمیں انتخابات کی شفافیت پرسخت تحفظات ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو متنازع ہونے سے بچائے۔


متعلقہ خبریں