ایتھنز: یونان کے شہر ماٹی کے سیاحتی مقام پر آگ لگنے سے 74 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
آگ ساحلی شہر ماٹی میں سمندر کنارے سیاحتی مقام میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
ماٹی کی گلیوں میں آگ کی حدت سے جلنے والی گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، متاثرہ علاقے میں صرف ایک جگہ 26 جھلسی ہوئی لاشیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں، ساحل کے ساتھ چٹان کے کنارے ملی ہیں۔
یونان کے وزیر اعظم الیکسسز چپراس نے اس واقعے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی نقصان پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
مذکورہ واقعے میں 74 ہلاکتوں کے علاوہ 200 کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں 10 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق 230 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت پر قابو پایا جا چکا ہے لیکن اسے مکمل طور پر نہیں بجھایا جا سکا۔