لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا ہے کہ یونیورسٹی آف ہلیتھ سائنسز اور نشتر میڈیکل کالج ملتان میں وائس چانسلرز تعینات کر کے عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔
سپریم کورٹ میں پبلک یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرریاں نہ کرنے کے خلاف از خوز نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں فل بنچ نے کی۔
ایڈشنل ایڈووکیٹ جنرل نے فل بینچ کو بتایا کہ عدالت کے حکم پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی، فیصل آباد میڈیکل کالج، فاطمہ میڈیکل کالج یونیورسٹی اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کی گئی ہے۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے فاطمہ جناح میڈیل یونیورسٹی (راولپنڈی)، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کو معطل کرتے ہوئے میرٹ پر بھرتیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یونیورسٹی آف ہلیتھ سائنسز اور نشتر میڈیکل کالج ملتان میں وائس چانسلرز کی تعیناتی نہیں ہو سکی۔
جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ میڈیکل کالج یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کی تقرریاں کرکے رپورٹ جمع کرائی جائے۔