حنیف عباسی کی نشست پر انتخابات ملتوی


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 راولپنڈی اور خیبرپختونخوا کی نشست پی کے 99 پر انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی کی نشست این اے 60  کے امیدوار حنیف عباسی کی ایفیڈرین کیس میں سزا کے باعث حلقے میں انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

انسداد منشیات عدالت نے حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں ہفتے کے روز سزا سنائی تھی۔

مسلم لیگ نون کے  مرکزی رہنما اور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60  سے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید اور دس لاکھ  روپے جرمانے کی  سزا سنائی گئی ہے، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں حنیف عباسی کو مزید دو سال قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔

حنیف عباسی نے پانچ سو کلو ایفیڈرین منگوائی تھی جس میں سے انہوں نے 363  کلوگرام ایفیڈرین کا ادویات میں استعمال کا ثبوت دیا ہے تاہم  وہ  137 کلو ایفیڈرین کا ادویات میں استعمال کا ثبوت نہیں دے سکے۔

خیبرپختونخوا کی نشست پی کے 99 کے انتخابات تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور کے حملے میں جاں بحق ہونے کے باعث ملتوی کیے گئے ہیں۔

اکرام اللہ گنڈاپور کے پی کی تحصیل کلاچی میں اپنے گھر سے نکلے ہی تھے کہ  کچھ  فاصلے  پر ان کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس میں اکرام اللہ گنڈا پور اور ان کا ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔


متعلقہ خبریں