خیرپور: گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر صدر الدین راشدی کا کہنا ہے کہ زرداری اور نواز شریف نے ایک دوسرے کو صوبے بیچ دیے ہیں، ان ظالموں نے طے کر لیا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں نون لیگ ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کا آج ہونے والا جلسہ پیپلزپارٹی خیرپور کی قیادت کی نیندیں حرام کردے گا، 2013 میں پیپلز پارٹی کو صرف ٹریلر دکھایا تھا، اب پوری فلم دکھائیں گے اور اسے سندھ میں بری طرح شکست دیں گے۔
حروں کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 نشستیں ہیں لیکن پیپلزپارٹی کو صرف 20 نشستوں پر امیدوار ملے ہیں، زرداری اب ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس جانے کے خواب ہی دیکھتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدار کے لیے اپنے لیڈر اور کارکنوں کو سولی پر چڑھا دیتی ہے لیکن اب عوام ہوشیار ہیں اور وہ اپنی اہمیت جان چکے ہیں، پیپلزپارٹی نے عوام پر ظلم کر کے اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے ان کی زمینوں پر قبضے کرکے انہیں ہراساں کیا ہوا ہے لیکن جی ڈی اے انہیں ہر قسم کے ظلم سے نجات دلائے گی۔