جعلی پولیس مقابلہ کے ملزم راؤ انوار کی رہائی کے احکامات جاری

فوٹو: فائل


کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی)  نے جعلی پولیس مقابلہ کے مرکزی ملزم اور سابق پولیس افسر راؤ انوار کی رہائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

سابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کی دو مقدمات میں ضمانتیں منظور ہو جانے کے بعد آج رہائی کا امکان ہے، عدالت نے راؤ انوار کی رہائی کے پروانے پر دستخط کر دیے ہیں، جیل حکام کو راؤ انوار کی رہائی کے احکامات آج ہی بھجوا دیے جائیں گے۔

راؤ انوار کی ایک مقدمے میں دس جولائی کو ضمانت منظور ہوئی تھی جب کہ دوسرے مقدمے میں 20 جولائی کو ضمانت منظور ہوئی ہے، عدالت نے راؤ انوار کو دونوں مقدمات میں دس دس لاکھ روپے زرضمانت جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز عدالتی وقت ختم ہونے کی وجہ سے راؤ انوار کے ریلیز آرڈ جاری نہ ہوسکے تھے۔ رہائی کے بعد راؤ انوار کو کراچی میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی تاہم وہ بیرون شہر اور بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔

سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پر الزام ہے کہ انہوں نے 13 جنوری کو ماورائے عدالت جعلی پولیس مقابلے میں نقیب اللہ محسود سمیت پانچ افراد کو قتل کیا تھا، سوشل میڈیا پر راؤ انوار کے خلاف مہم چلنے کے بعد ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ آنے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان پر نقیب اللہ قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں