اسٹاک مارکیٹ کا مثبت آغاز، انڈیکس میں 700 پوئنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج:  کاروبار میں مثبت رجحان

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان اسٹاک  ایکس چینج  میں جمعرات کے روز مسلسل دوسرے دن کاروبار کا مثبت آغاز ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا،  کاروبار شروع ہوتے ہی انڈیکس 41 ہزار 604 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں بدھ  کے روز بھی تیزی کا رجحان غالب رہا تھا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای ہنڈرڈ  انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا  جس کے باعث انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر کے 40800 پو ائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں تیزی کے سبب مجموعی سرمائے میں 143 ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کا مجموعی حجم 84 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق سیاسی غیر یقینی کے باوجود سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی روز بروز بڑھتی جا رہی  ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ دوبارہ اپنی سابق پوزیشن پر لوٹ رہی ہے۔

بدھ  کے روز کاروبار کے دوران کے ایس ای ہنڈرڈ  انڈیکس میں 964.92  پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39932.98  پوائنٹس سے بڑھ کر 40897.90 پوائنٹس ہو گیا۔

اسی طرح 527.22  پوائنٹس اضافے سے کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 20187.63 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29218.03 پوائنٹس سے بڑھ کر 29730.87 پوائنٹس پر جا پہنچا۔

مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب 43 ارب 79 کروڑ 82 لاکھ  13 ہزار 473 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم  82 کھرب 75 ارب پانچ  کروڑ 41 لاکھ  54 ہزار 444 روپے سے بڑھ  کر 84 کھرب 18 ارب 85 کروڑ 23 لاکھ 67 ہزار 917 روپے ہو گیا۔

بدھ  کے روز آٹھ ارب روپے مالیت کے 24 کروڑ 78 لاکھ  27 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو چھ ارب روپے مالیت کے 14 کروڑ 19 لاکھ 73 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

مجموعی طور پر 378 کمپنیوں کا کاروبار ہوا، 307 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 52  میں کمی اور 19  کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔


متعلقہ خبریں