راولپنڈی: لاہورہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی کی نظرثانی کی اپیل خارج کر دی ہے اور حکم جاری کیا ہے کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت جاری رکھی جائے۔
جسٹس عبادالرحمان لودھی نے کیس کی سماعت کی اور تمام ریکارڈ دیکھنے اور دلائل سننے کے بعد پرانا فیصلہ برقرار رکھا اور حکم دیا کہ ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو ہی سنایا جائے۔
چند روز قبل لاہورہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے اینٹی نارکوٹکس کورٹ کو حکم دیا تھا کہ ایفی ڈرین کیس کی سماعت 21 جولائی تک مکمل کی جائے، حنیف عباسی نے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
سپریم کورٹ میں حنیف عباسی کے وکیل کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ایفی ڈرین کیس کی سماعت اینٹی نارکوٹکس کورٹ میں دو اگست کے لیے مقرر تھی لیکن عدالت نے شاہد اورکزئی کی درخواست پر اس کی سماعت کی تاریخ 16 جولائی کر دی، انتخابات سے پہلے اس کیس کو مقرر کرنے سے مناسب پیغام نہیں جائے گا۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے تھے کہ ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 2013 کے تحت اپنا اختیار استعمال کیا ہے، ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق کیس آپ کی رضامندی سے مقرر ہوا ہے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے حنیف عباسی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔