سی ٹی ڈی نے سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بنادیا

کراچی سے دو دہشت گرد گرفتار، حملوں کا اعتراف

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) کے آپریشن سیل نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں  انصار الشریعہ، تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کا ٹارگٹ آئندہ الیکشن میں سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانا تھا۔

گرفتار دہشت گردوں میں ابوبکر، ابراہیم، محمد جواد اور فہد شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان  گزشتہ  16 ماہ سے شاہ فیصل کالونی کے ایک  مدرسہ میں رہائش پذیر تھے۔

سینئر سپریٹنڈنٹ آف  پولیس(ایس ایس پی) جنید شیخ نے دعویٰ کیا کہ ملزمان ابوبکر اور فہد  شاہ  فیصل کالونی کے مدرسہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی (پلاننگ)  کر رہے تھے۔

کراچی کے علاقے کورنگی سے گرفتار ملزم جواد کو سی ٹی ڈی نے انصارالشریعہ کے ماسٹر مائنڈ سروش کا قریبی ساتھی بتایا ہے۔ ملزم جواد کے متعلق تفتیشی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ انصار الشریعہ کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

سی ٹی ڈی نے مچھرکالونی سے گرفتار ملزم ابراہیم  کو دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ اور سہولت کاری میں ملوث قرار دیا ہے۔

ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ملزمان نے وزیرستان میں ایف سی کی چوکی پرحملہ کرکے چار جوانون کوشہید بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں