نواز شریف کا اوپن ٹرائل کیا جائے، رہنما مسلم لیگ نون


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ کوئی ایسا رہنما نہیں جو روزانہ احتساب عدالت میں پیش ہوا ہو، نواز شریف عدالت میں پیش بھی ہوئے اور گرفتاری بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات میں فیصلہ تیزی سے ہوا جب کہ انہیں ایک دن بھی حاضری سے استثنا نہیں دیا گیا حتیٰ کہ بیوی کی شدید بیماری کے باوجود  بھی نواز شریف سوا سو دفعہ عدالت میں حاضر ہوئے۔

پرویز رشید نے کہا کہ پہلے نواز شریف کو حاضر اور اب غیر حاضر رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

لیگی رہنما بیرسٹر ظفر اللہ  نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنایا جا رہا ہے لیکن حقیقت میں نواز شریف کا جیل میں ٹرائل ہونا قانون کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خفیہ ٹرائل پر شکوک پیدا ہو رہے  ہیں، نگراں وزیراعظم سے گزارش ہے کہ میاں صاحب کا اوپن ٹرائل کیا جائے کیونکہ پوشیدہ  ٹرائل سے عوام کا قانون پر اعتماد اٹھ  جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں