کابل: افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکولسن نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ افغان حکومت یا عوام کا متبادل نہیں اس لیے مذاکرات کا عمل بدستور افغان قیادت کے تحت ہو گا، میرے بیان کو گمراہ کن طور پر پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے صرف سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کے بیان کی تصدیق کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ امن کی خاطر طالبان، افغان حکومت اور افغان عوام کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔
پیر کے روز ایک برطانوی جریدے میں جنرل نکولسن کے حوالے سے یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ طالبان اور افغان حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں امریکہ بھی طالبان سے براہ راست بات کرنے کے لیے تیار ہے۔
طالبان نے اس خبر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس خبر کی تصدیق کے منتظر ہیں، وہ بھی غیرملکی افواج کے انخلا پر امریکہ سے براہ راست مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔