جھنگ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تمام ملکی فیصلے لاہور میں ہوں گے تو دیگرشہروں کے مسائل بڑھیں گے۔ اانہوں نے کہا کہ ملتان کے شہریوں کو میٹروکی ضرورت نہیں تھی وہاں بسیں خالی چل رہی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ برسراقتدار آکر لوگوں کو سستے گھر بنا کر دیں گے۔
جھنگ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے کمیشن کے حصول کے لیے 60 ارب کی لاگت سے ملتان میں میٹروبنائی جس سے شریف خاندان نے پیسہ بنایا۔
عمران خان نے کہا کہ لاہور میں وہ منصوبےشروع کیے گئےجن میں کمیشن زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا آدھا فنڈ لاہور پرلگا دیا جاتا ہے۔
ملکی مسائل میں اضافے کے متعلق انہوں نے کہا کہ مسائل اس لیے بڑھے کیوں کہ لاہور کے بادشاہوں نے تمام فیصلے لاہور میں کیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ 25 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی ہو گی اور ہم اقتدارمیں آکربہترین بلدیاتی نظام لائیں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مغربی ممالک کی جمہوریت ہم سےآگےنکل چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کامیاب ملک بلدیاتی نظام کےذریعے چلتے ہیں اور ہم بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کریں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ تعلیمی ادارےعوام کاحق ہیں جو ہم ان کو دیں گے۔