پیغام دیا گیا ہےکہ انتخابی مہم بند کردو ، عمران خان


کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مقصد انتخابات کو نقصان پہنچانا ہے اور پیغام دیا گیا ہے کہ انتخابی مہم بند کردو. انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی انتخابی مہم بند نہیں کرے گی.

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال ( سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا اور مستونگ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اورکہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کے اندر بھی موجود ہیں اور باہر بھی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے بعد سارا پاکستان تکلیف میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کا مقصد خوف پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا سراج رئیسانی محب وطن پاکستانی تھے اور ہم  مشکل وقت میں رئیسانی خاندان کے ساتھ ہیں۔

پاکستان تحریک انصا ف کے سربراہ عمران خان نے ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے انتخابات ملک کے لیے بہت اہم ہیں اس لیے سارے ملک کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیکیورٹی ادارے مل کر دہشت گردی کو شکست دیں گے اور پولیس کو دہشت گردی کےخلاف کردار ادا کرنا پڑے گا۔ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان تمام جماعتوں نے مل کر بنایا تھا، اس پر عمل نہ ہونے سے نقصان اٹھانا پڑا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان  نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کا الیکشن تب شفاف ہوتا ہے جب اس کی مدد کی جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہبازشریف دھاندلی کا ماسٹر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کا کہا تو ہم نے چارحلقے کھولنے کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے سوال کیا کہ منشور نہ لاسکیں تو اقتدار میں آنے کا کیا فائدہ ؟

ضلعی انتظامیہ نے 16 جولائی کو بنوں میں ہونے والا پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر ملتوی کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا۔


متعلقہ خبریں