اسلام آباد: پاکستان بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے حوالے سے اپنا تحریری جواب منگل 17 جولائی کو دی ہیگ میں واقع عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جواب دفترخارجہ میں ڈائریکٹر انڈیا کے عہدے پر فائز ڈاکٹر فریحہ بگٹی جمع کرائیں گی جو نیدر لینڈ (ہالینڈ) کے شہر دی ہیگ پہنچ گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی جانب سے جواب الجواب میں پہلا اور کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے عالمی عدالت میں جمع کرایا جانے والا دوسرا جواب ہو گا۔
پاکستانی جواب 400 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں بھارتی سوالات اور اعتراضات کا تفصیل سے جواب دیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جواب منگل کو دی ہیگ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ سے ساڑھے تین بجے کے درمیان جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے پاکستان نے بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس میں اپنا جواب 13 دسمبر 2017 کو جمع کرایا تھا، پاکستانی جواب اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے مرتب کیا ہے۔