اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے باعث موسم ایک بار پھر خوشگوار ہو گیا، اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی علاقوں میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ ہفتے کی رات شروع ہوا تھا جس کی وجہ سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مردان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب، قلات ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ہفتے کے روز گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، پشاور، ژوب، قلات ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بیشتر مقامات پر ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
لاہور میں 29 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 12 ملی میٹر، سرگودھا آٹھ ملی میٹر، ژوب اور رسالپور میں چار ملی میٹر، راولاکوٹ، اور بگروٹ میں تین ملی میٹر، قلات، کامرہ اور گوجرانوالہ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہی، جن علاقوں میں سب سے زیادہ گرمی پڑی اُن میں دالبندین اور چیلاس کا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ دادو اور سبی کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔