لاہور: سیکیورٹی حکام نے وزارت داخلہ کو لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔
سیکرٹری وزارت داخلہ کے نام لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دوپہر تین بجے سے رات گیارہ بجے تک موبائل فون سروس معطل رکھی جائے۔
جن علاقوں میں سروس معطل رکھنے کا کہا گیا ہے ان میں لاہور ایئرپورٹ، اولڈ سٹی لاہور، شاہدرہ، برکی ہڈیارہ اور نواب ٹاون شامل ہیں۔
مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ لندن سے پاکستان پہنچ رہے ہیں، ان کے طیارے نے لاہور میں لینڈ کرنا ہے، مسلم لیگ نون کے کارکن ان کے پرجوش استقبال کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) حکام انہیں ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کی حکمت عملی تیار کر چکے ہیں۔
پنجاب حکومت نے نون لیگ کے سرگرم کارکنوں کو گرفتار اور نظربند کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر کنٹینرز بھی پہنچا دیے گئے ہیں۔
چند روز قبل ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو احتساب عدالت سے دس برس جبکہ مریم نواز کو سات سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔