سانحہ یکہ توت : عظیم آباد کے متاثرین دو ہری اذیت میں مبتلا

سانحہ یکہ توت: علاقہ مکین گھروں کی مرمت کے لیے پریشان | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: سانحہ یکہ توت نے عظیم آباد کے مکینوں کو جانی نقصانات کے بعد گھروں کی خستہ حالی نے بھی شدید مالی پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے۔ افسوسناک امر ہے کہ تاحال وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے متاثرہ مکین دوہری اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

اس ضمن میں عظیم اباد کی رہائشی متاثرہ خاتون نے ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دو دن قبل ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں متعدد مکانات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ زندہ بچنا محال تھا اور اگر پھر بھی ہم زندہ ہیں تو یہ قدرت کا معجزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کی شدت سے گھروں کی ہرچیز متاثرہوئی ہے اور کچھ بھی سلامت نہیں ہے۔

ایک سوال پر متاثرہ خاتون نے کہا کہ تاحال سرکاری سطح پر کسی قسم کی امداد کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی داد رسی کے لیے کوئی قدم اٹھتا بھی محسوس نہیں ہورہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی مکانات کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں اوردروازے تک نکل کر گر پڑے ہیں۔

عظیم آباد کے رہائشیوں کا مؤقف ہے کہ جہاں دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے پوری ہوتی ہو وہاں گھرکی مرمت اور اشیا کی درستگی کے لیے رقم کہاں سے لاسکتے ہیں؟

ہم نیوز کو سروے کے دوران علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دو دن گزرنے کے بعد اب بحالت مجبوری وہ نجانے کس طرح گرے ہوئے دروازوں کو دوبارہ لگوانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ بے پردگی کا خاتمہ کرسکیں اورکسی حد تک خواتین و بچوں کو محفوظ بنا پائیں۔

عظیم آباد کے مکینوں کا مطالبہ ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ان کی امداد اور داد رسی  کے لیے عملی قدم اٹھائیں اوراس بات کویقینی بنائیں کہ آئندہ اس قسم کی دہشت گردانہ کارروائیاں نہ ہوسکیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسہ عام کو دو دن قبل خودکش حملہ آور نے نشانہ بنا کر 21 افراد کو شہید کردیاتھا اورچار درجن سے زائد ہو کراسپتالوں میں تاحال زیرعلاج ہیں۔

شہید ہونے والوں میں اے این پی کے  انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل تھے جن کے والد بشیربلور کو 2012 میں دہشت گردانہ کارروائی کرکے شہید کیا گیا تھا۔

شہید ہارون بلورسندھ کے سابق صوبائی وزیرعرفان اللہ خان مروت کے داماد تھے جو مرحوم صدر پاکستان غلام اسحاق خان کے داماد ہیں۔

حاجی غلام احمد بلور اور الیاس بلور شہید بشیربلور کے بھائی ہیں۔


متعلقہ خبریں