لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علیم خان کو ایک بار پھر قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے طلب کرلیا ہے۔
نیب نے زائد اثاثوں سے متعلق اپنی تحقیقات کے دائرے کو وسیع کرلیا ہے، نیب نے علیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں طلب کیا ہے اور انہیں اپنے اثاثوں کی تفصیلات سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے علیم خان کو 29 جنوری 2018 کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے سوالنامہ دیا گیا تھا جسے علیم خان نے تاحال پُر کر کے جمع نہیں کرایا۔
علیم خان کے خلاف ہیگزم انویسٹمنٹ لمیٹڈ آف شور کمپنی بنانے کی تحقیقات جاری ہے۔
نیب کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما علیم خان اور مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کو طلب کیا گیا تھا تاہم مفتاح اسماعیل تو پیش ہو گئے لیکن علیم خان نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے جس کے باعث نیب نے اُنہیں آج پھر طلب کیا تھا۔
علیم خان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 129 سے امیدوار بھی ہیں۔