عدالت 31 جولائی تک مہلت دے، شہلا رضا


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی رہنما اور سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا ہے کہ عدالت  ہمیں 31 جولائی تک مہلت دے کیونکہ انتخابات کے باعث آصف زرداری اور فریال تالپور مصروف ہیں، عام انتخابات میں بہت کم وقت رہ گیا ہے اور پارٹی کے لیے مہم بھی چلانی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام  ’صبح سے آگے‘ میں  گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب میں سب سے پہلے گرفتاری اور نام ای سی ایل میں ڈالا جاتا ہے، نوازشریف کے خلاف کیسز پر ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا  گیا مگر آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ عدالت کو چاہیے کہ وہ 31 جولائی تک مہلت دے کیونکہ انتخابات کے باعث آصف زرداری اور فریال تالپور مصروف ہیں۔

شہلا رضا نے کہا کہ ہمارے وکلا  نے پارٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلز پارٹی کبھی عدالتوں سے نہیں بھاگی اور نہ ہی کبھی عدالتوں پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صبح  ہی پارٹی کا فیصلہ دیکھا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، ڈیڑھ  کروڑ بہت چھوٹی بات ہے لیکن ایک دن میں جواب دینا اور ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنا  ناممکن ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی آصف علی زرداری نے ان جیسے کئی کیسز کا سامنا کیا ہے، لوگوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ آصف زرداری کے خلاف ایسی نوعیت کا ایک کیس ساڑھے چار سال پہلے بھی چلا تھا۔


متعلقہ خبریں