اڈیالہ جیل میں قید 36 لیگی کارکنوں کی ضمانت منظور

اڈیالہ جیل میں قید 36 لیگی کارکنان کی ضمانت منظور | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے داماد اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ  ڈالنے کے الزام  میں گرفتار 36  لیگی کارکنوں کی ضمانت منظور ہو گئی ہے۔

ملزموں کی ضمانت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نادیہ اکرام  نے منظور کی، سیشن جج  کے حکم کے بعد تمام کارکنوں کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔

لیگی کارکنوں کو کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں عدالت کے حکم پر بدھ کی  صبح  اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔

تھانہ سٹی پولیس نے لیگی کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا جس کے بعد سول جج منزہ چودھری نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم  دیا تھا۔

سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی اور زیب النسا بھی عبوری ضمانت حاصل کرنے عدالت پہنچے،  دونوں لیگی رہنماؤں کے خلاف پولیس نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے سمیت چار مختلف مقدمات درج کر رکھے تھے۔

دوسری جانب نون لیگی رہنما مشاہد حسین سید نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کو تحریر کیے جانے والے اپنے خط میں کہا  ہے کہ کارکنوں کی  گرفتاریاں سیاسی مخالفین کو انتخابات میں فری ہینڈ  دینے کے مترادف ہیں۔

کارکنوں کی گرفتاری پر نون لیگی وکلا نے کچہری میں احتجاجی مظاہرہ  بھی کیا اور سیشن جج خالد نواز کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا۔


متعلقہ خبریں