پشاور خودکش حملہ: تین روزہ سوگ، انتخابی جلسے منسوخ


پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور اورمردان میں جلسے منسوخ کر دیئے ہیں، اسی طرح متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) نے بھی پشاور میں تین روز تک انتخابی مہم معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، اعلان ہارون بلور اور اےاین پی شہداء کے سوئم کے احترام میں کیا گیا ہے۔

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، تین دن بعد انتخابی مہم  دوبارہ شروع کریں گے، جو بھی ہو جائے، پیچھے نہیں ہٹنا، انتخابات میں حصہ لے کر کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس حملے کے بعد انتخابات پر ہمارے خدشات ہیں، اب بھی کہا جاتا ہے کہ انتخابات شفاف ہوں گے،  دہشت گردوں میں ہمت ہے تو سامنے سے وار کریں۔

پی کے 78 سے ایم ایم اے کے امیدوار بحراللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اس سانحے میں پوری قوم  بلور خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تین روز تک پشاور میں  ہمارا کوئی جلسہ ہو گا نہ کوئی کارنر میٹنگ۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارون بلور کی شہادت کے بعد پی کے 78 کا الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے اور اب یہ انتخاب ضمنی الیکشن کے ساتھ ہو گا۔


متعلقہ خبریں