سانحہ یکہ توت، دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا حکم

جسٹس(ر) دوست محمد خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی مقرر | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) نے سانحہ یکہ توت خود کش دھماکے کی تمام پہلوؤں سے باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت کر دی۔

سانحہ یکہ توت پر نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف سیکرٹری کے پی، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام نے شرکت کی۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے غفلت اور کوتاہی کے مرتکب حکام کے بھی تعین کا حکم  دیا۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھماکے کا ہر طرح سے جائزہ لیا جائے، انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے تعین کے بعد انہیں فارغ کر دیا جائے گا جبکہ سانحہ میں ملوث عناصر کو مثالی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے اس لیے غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

کے پی کے علاقے پی کے 78  یکہ توت میں منگل کی شب عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش دھماکہ کیا گیا جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔

الیکشن کمیشن نے پی کے 78  پر انتخابات ملتوی کردیے ہیں اور ان کا انعقاد عام انتخابات کے بعد ضمنی انتخاب کے ساتھ ہو گا۔


متعلقہ خبریں