ایم کیو ایم نام کا برانڈ بد نام ہوچکا ہے ، مصطفیٰ کمال

ظالم کی ذات اور رنگ و نسل نہیں دیکھیں گے،گریبان پکڑیں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی: پاک سرزمین کے سربراہ  سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اردو بولنے والوں پر را کا ایجنٹ ہونے کا الزام صرف ایم کیو ایم کی وجہ سے لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ایم کیو ایم کے نام کا برانڈ بد نام ہوچکا ہے۔

کراچی میں انتخابی مہم کے دوران پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی والوں نے ایم کیو ایم کے نام پر ہزاروں جانیں دیں اور 35 سال کے بعد آج پھر جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ لگایا جا رہا ہے۔

سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوام نے زکواۃ ،فطرہ اور کھالیں ہی نہیں بلکہ ہزاروں جانیں تک اس پارٹی کو دیں، پھر بھی جاگ مہاجر کا نعرہ لگاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس شہر کے امن کے لیے لیاری، بنارس، چکرا گوٹھ بھی گئے۔

انہوں نے کسی پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ آج جب دیکھا کہ ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی تو اے این پی اور ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹ کرلی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ 25 جولائی کو ختم ہوجائے گی۔

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ سیٹوں کے بجائے دلوں کی ایڈجسٹمنٹ کرو۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کراچی کے حلقہ این اے 247 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ان کے مد مقابل پیپلز پارٹی کے عبدالعزیز میمن، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستاراور آزاد امیدوار جبران ناصر ہیں۔

 


متعلقہ خبریں