شریف خاندان کے امتحانات:العزیزیہ اورفلیگ شپ کے فیصلے باقی ہیں

شریف خاندان کے مزید امتحان، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کے فیصلے باقیI urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف ایوان فیلڈ (لندن فلیٹس ) ریفرنس کا فیصلہ تو آگیا لیکن ابھی ان کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسوں کے فیصلے آنا باقی ہیں۔

احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کیس کی  سماعت  نو جولائی کو کی جائے گی جس میں وکیل صفائی خواجہ حارث جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ اور کیس کے مرکزی گواہ  واجد ضیا پر جرح کریں گے۔ سماعت کے دوران  نیب کے تفتیشی افسر کے بیان پرجرح  بھی کی جائے گی۔

اس کارروائی کے بعد ملزموں کا بیان قلم بند کیا جائے گا اور فریقین کی جانب سے  کیس میں حتمی دلائل دیئے جائیں گے۔

فلیگ شپ ریفرنس کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے کہ اس کی سماعت کب ہوگی ؟

سابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کےخلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت  گیارہ جولائی کو ہوگی۔ پاکستان سینیٹ کے رکن رہ چکنے والے اسحاق ڈار سابق وزیراعظم نواز شریف کے سمدھی ہیں۔

ایوان فیلڈ (لندن) ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد  نواز شریف کو دس برس اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سات برس قید کی نہ صرف سزا سنائی ہے بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔

نیب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اورمریم نواز کے خاوند کیپٹن (ریٹائرڈ)  صفدرکو بھی سزا سنائی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں