احتساب عدالت کے ممکنہ فیصلہ پر ن لیگ نے حکمت عملی طے کر لی


لاہور: احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں شریف خاندان کے متعلق ممکنہ فیصلہ پر ردعمل کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ن لیگ کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی غوروخوض کیا گیا۔

جمعرات کے روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے پاس سب سے بہترین اور تجربہ کار ٹیم ہے جس نے پہلے بھی ملک کی بہترین خدمت کی ہے اور اب بھی کرے گی۔

شہباز شریف نے بہترین منشور تیار کرنے پر ن لیگ کی منشور کمیٹی کی تعریف کی جب کہ کمیٹی ارکان نے بھی انہیں بہترین منشور پیش کرنے پرمبارک باد دی۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کے متعلق احتساب عدالت کے ممکنہ  فیصلے کے سیاسی و قانونی محرکات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا جب کہ اس حوالے سے جوابی حکمت عملی پر بھی تفصیل سے غور وفکر کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں آزادانہ شفاف اورغیرجانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اینٹی ریگنگ سیل قائم کیا جائے گا اور دھاندلی کی کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر اس سیل سے رابطہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے مختلف سرویز کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پراطمینان کا اظہار کیا گیا کہ تمام سروے مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری کی تصدیق کررہے ہیں۔

شہباز شریف نے انتخابات اور دیگر سیاسی معاملات پر  ممبران کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں ہر قیمت پر شفاف آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد چاہتی  ہے اسی لیے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں