فواد چوہدری نااہلی اور ضابطہ اخلاق کیس کی سماعت


لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد  ہونے کے خلاف کیس کی سماعت آج ہو گی جبکہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کے خلاف دائر درخواست پر بھی سماعت کرے گا۔

فواد چوہدری کے کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہرعلی  اور اکبرنقوی  پر مشتمل  دو رکنی  بینچ کرے  گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ معطل کر کے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے جبکہ عدالت نے فواد چوہدری کو انتخاب لڑنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انتخاب لڑنے کی اجازت دی جائے۔

الیکشن ٹریبونل نے 27 جون کو جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے فخر عباس کاظمی کی اپیل منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔

فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے زرعی ٹیکس ادا نہیں کیا جبکہ ان کا نام شناختی کارڈ میں فواد احمد لکھا ہوا ہے۔

فواد چوہدری قومی اسمبلی کی نشست این اے 67 جہلم سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق پر دائر درخواست کی سماعت بھی آج ہوگی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم درخواست کی سماعت کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر پینا فلیکس پر پابندی عائد کی ہے،  یہ پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق 2018 میں انتخابی مہم کے لیے پوسٹرز اور بینرز کے سائز مقرر کر رکھے ہیں جبکہ تمام اقسام کے پینا فلیکس اور ہورڈنگ کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔


متعلقہ خبریں