انڈونیشیا کے جزیرہ بالی کا آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج گیا

رنگ برنگی پتنگوں سے سجا انڈونیشیا کا جزیرہ بالی | urduhumnews.wpengine.com

جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں پتنگ بازی کے چالیسویں سالانہ  میلے میں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج گیا۔

ساحل سمندر پر ہونے والے اس پتنگ فیسٹیول میں دُنیا بھر سے ماہر پتنگ باز ٹیموں نے شرکت کی، فیسٹیول کے دوران پتنگ اُڑانے کے دلچسپ مقابلے بھی ہوئے۔

بالی کے ساحل پر شائقین کے لیے پتنگوں کے کئی اسٹالز بھی لگائے گئے جس میں رکھی نت نئے ڈیزائن کی پتنگیں توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

رنگا رنگ ’بالی کائٹ فیسٹیول‘ میں منفرد ڈیزائنز کی سینکڑوں دیوہیکل پتنگوں نے آسمان پر رنگ بکھیر دیے، فیسٹیول  میں  لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

روایتی فیسٹیول میں اڑائی جانے والی کچھ  پتنگیں چار میٹر چوڑی اور دس میٹر لمبی ہیں جب کہ بعض پتنگوں کی دُم 100 میٹر سے  بھی زیادہ طویل ہوتی ہے۔  

آبادی کے لحاظ  سے دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک انڈونیشیا  کے جزیرے بالی  پر ہندوؤں کی اکثریت ہونے کی وجہ سے پتنگ فیسٹیول میں مذہبی رنگ نمایاں  ہوتا ہے۔

بالی کائٹ فیسٹیول میں بہت سی پتنگوں کو دیوتاؤں کا رنگ دیا جاتا ہے جن میں سیاہ، سرخ، سفید  اور پیلا رنگ نمایاں ہے۔

انڈونیشیا کائٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری الیت سوریانا کا کہنا ہے کہ ’بالی کائٹ فیسٹیول 2018‘  گزشتہ برس کے مقابلے میں کافی مختلف ہوگا۔

رواں برس فیسٹیول کا مرکزی ایونٹ  تین سے پانچ جولائی تک ہو گا جس کے دوران 866 پتنگیں اُڑائی جائیں گی جب کہ فیسٹیول  کی دیگر تقریبات اکتوبر کے آخر تک جاری رہیں گی۔


متعلقہ خبریں