پی ٹی وی پر نواز اور مریم کی تقاریر کے اخراجات کی تفصیل طلب

نوازشریف اور مریم نواز کی تقاریر دکھانے پر کتنا خرچہ ہوا؟ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے سرکاری ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر پر آنے والے خرچ کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید کی زیرصدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں نواز شریف  اور مریم نواز کی تقاریر پی ٹی وی  پر دکھانے کا معاملہ زیر بحث آیا اور ایئر ٹائم کی رپورٹ پیش کی گئی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا آپ نے رپورٹ ایئر ٹائم کی دی ہے،  یہ بتائیں کہ خرچہ کتنا ہوا ہے، انہوں نے ایئرٹائم کی تفصیلات دیکھتے ہوئے کہا کہ رپورٹ سے لگتا ہے کہ زیادہ وقت نوازشریف اور مریم نواز کو ہی دیا گیا ہے اور پی ٹی وی پر یہ دونوں ہی چلتے رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نااہل آدمی اور ان کی بیٹی جو پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں ہے، ان کی تقاریر دکھائی گئیں  مریم نواز اور نوازشریف نے پی ٹی وی کو برباد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے پاس پنشنرز کو دینے کے لیے پیسے نہیں اور دوسری جانب نوازشریف اور ان کی صاحبزادی کی تقاریر دکھا کر پیسے ضائع کیے گئے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ تقاریر دکھانے پر جو خرچ آیا اس کی انوائس مریم نواز کو بھیجیں وہاں سے جو پیسے آئیں گے، اس سے پی ٹی وی کے معاملات بہتر ہو جائیں گے۔

سیکرٹری اطلاعات نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ مجھے جمعہ کی رات  دوبارہ چارج ملا  ہے، تقاریر دکھانے پر آنے والے خرچ کی تفصیل جلد جمع کرا دی جائے گی۔

کمیٹی کے رکن سینیٹر انوار الحق  کاکڑ نے اجلاس کے دوران کہا کہ یہ پنجاب ٹی وی چینل ہے یا پاکستان  ٹی وی چینل، بتائیں پانچ سال کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے  وزیر اعلیٰ کی کوریج کتنی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں